کراچی میں قتل3 سالہ بچی سے زیادتی کی تصدیق، تحقیقاتی کمیٹی قائم

قائد آباد واقعے میں بچی کے قتل کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا گیا

June 24, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی کے علاقے قائد آباد میں 3 سالہ بچی کو تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا، جس کے بعد پوسٹ مارٹم میں زیادتی اور تشدد کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ قائد آباد میں والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں اغوا، زیادتی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

بچی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی گھر سے باہر گئی اور واپس نہیں آئی، بعد ازاں تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ ملا۔ رات گئے گھر واپسی پر محلے میں ہجوم موجود تھا جہاں اطلاع ملی کہ نامعلوم افراد بچی کی لاش بوری میں پھینک کر گئے ہیں۔ دادا نے لاش کی شناخت کلثوم کے نام سے کی۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں ایس ایس پی ایس آئی یو، ایس ایس پی اور ایس ایس پی اسپیشل برانچ سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کمیٹی تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر جلد رپورٹ پیش کرے گی اور روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت سے آئی جی سندھ کو آگاہ کرے گی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں سخت سزا دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق پوسٹ مارٹم میں زیادتی اور تشدد کی تصدیق ہوئی ہے،وجہ موت کے تعین کے لیے رپورٹ محفوظ کر لی گئی ہے۔ کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد موت کی حتمی وجہ معلوم ہوگی۔