کھاوڑہ حلقے سے چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مسترد
چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی کے خلاف امیدوار راجہ محمد بشیر خان کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا تھا
آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ کھاوڑہ سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسر سردار غضنفر نے اعتراضات پر سماعت مکمل ہونے کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی کے خلاف امیدوار راجہ محمد بشیر خان کی جانب سے اعتراض دائر کیا گیا تھا، جس پر فریقین نے اپنے دلائل پیش کیے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے راجہ گل مجید ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا نے مؤقف اختیار کیا، جبکہ تمام دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
بعد ازاں جاری کیے گئے فیصلے میں چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں وہ فی الحال انتخابی عمل سے باہر ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصلے کے بعد قانونی اور انتخابی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب حلقہ کھاوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ثاقب مجید نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر انتخابی میدان میں موجود ہوتے تو مقابلہ زیادہ دلچسپ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے قبل تمام قانونی تقاضوں کا مکمل جائزہ لینا چاہیے۔