ایبٹ آباد کے ہسپتال سے اغوا نومولود بحفاظت بازیاب۔3ملزمان گرفتار
تھانہ نواں شہر کی حدود میں واقع کھٹوال کے علاقے میں چھاپہ ماراگیا
فائل فوٹو
ایبٹ آباد میں ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال سے گزشتہ روز اغوا ہونے والے 17 روزہ معصوم بچے کو پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران بحفاظت بازیاب کروا لیا، واردات میں ملوث مرکزی خاتون ملزمہ سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ بازیابی کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)ایبٹ آباد نے ایس پی کینٹ حمزہ علی بٹ کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ان ٹیموں نے جدید سائنسی خطوط اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت مختلف پہلوئوں پر تحقیقات کا آغاز کیا اور قلیل وقت میں اہم شواہد حاصل کر لیے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ نواں شہر کی حدود میں واقع کھٹوال کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں سے مغوی نومولود کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔کامیاب آپریشن کے دوران اغوا کی مرکزی ملزمہ اور اس کے دو سہولت کار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واردات کے تمام محرکات اور ممکنہ سہولت کاروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔