امریکا کا ایرانی فنڈز کی نگرانی کے لیے قطر میں ادارہ قائم کرنے کا اعلان

ایران نے امریکہ سے زرعی اور دواسازی کی مصنوعات خریدنے کے دعووں کی تردید کر دی۔

فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک ایسا ادارہ قائم کیا جائے گا جو ایران کے منجمد فنڈز کی نگرانی کرسکے گا۔

امریکی وزیر خزانہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے منجمد اثاثوں کا ایک ’بڑا حصہ‘ خوراک اور ادویات کی(خصوصاً امریکہ سے) خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

سکاٹ بیسنٹ نے امریکی ٹی وی چینل سی این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان فنڈز کی نگرانی کے لیے امریکی محکمہ خزانہ دوحہ میں اپنا ایک آپریشنل سیل قائم کرے گا۔

دوسری جانب ایران نے امریکہ سے زرعی اور دواسازی کی مصنوعات خریدنے کے دعووں کی تردید کی ہے۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ خود طے کریں گے کہ یہ فنڈز کہاں خرچ کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے کچھ فنڈز کو امریکہ کے کسانوں سے مکئی، گندم، سویابین اور دیگر زرعی مصنوعات خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ان کے مطابق ایران میں خوراک کی شدید قلت ہے اور یہ اشیا امریکہ سے فراہم کی جائیں گی۔