ایران نے وعدے پورے نہ کیے تو ٹرمپ کے پاس کئی آپشنز ہیں ، مارکو روبیو
ایران کے لیے 60 روزہ پابندیوں میں نرمی ایک عارضی اقدام ہے ،کویت سٹی میں صحافیوں سے گفتگو
فائل فوٹو
کویت سٹی: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے 60 روزہ پابندیوں میں نرمی ایک عارضی اقدام ہے اور واشنگٹن کو توقع ہے کہ تہران معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عمل کرے گا۔
کویت سٹی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ اگر ایران اپنے وعدے پورے نہیں کرتا تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس مختلف آپشنز موجود ہیں، جن میں پابندیوں کی بحالی بھی شامل ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ایسا ضرور ہوگا، لیکن صدر کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ پابندیاں واپس بحال کر دی جائیں۔‘
مارکو روبیو نے کہا کہ ایران نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران واضح وعدے کیے تھے اور صدر ٹرمپ نے بھی واضح کر دیا ہے کہ ان وعدوں کی پاسداری ضروری ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر ایران اپنے وعدے پورے کرتا ہے تو پیش رفت جاری رہے گی، بصورت دیگر امریکہ کے پاس صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر راستے موجود ہیں۔