لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کا قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ
تقریب میں ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، ہاکی حکام اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، ہاکی حکام اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران قومی ہاکی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور مستقبل کے اہداف پر گفتگو کی گئی۔ ٹیم انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم مسلسل محنت، بہتر تیاری اور پیشہ ورانہ انداز اپناتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔
مقررین نے کہا کہ قومی ہاکی میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور کھلاڑیوں نے حالیہ مقابلوں میں بھرپور جذبے اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کرے گی۔
تقریب کے شرکاء نے قومی ہاکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قومی کھیل ایک بار پھر ترقی کی جانب گامزن ہے اور مناسب منصوبہ بندی، محنت اور تسلسل کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا مقام مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔
استقبالیے کے اختتام پر قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی گئی اور کھلاڑیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔