صدر اور وزیراعظم کا وینزویلا زلزلے میں جانی نقصان پر اظہارِ افسوس

پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے

June 25, 2026 · اہم خبریں

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ وینزویلا کے عوام اس مشکل صورتحال کا حوصلے اور عزم کے ساتھ سامنا کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی زلزلے سے ہونے والی تباہی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرہ افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں وینزویلا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

واضح رہے کہ وینزویلا اور دیگر قریبی خطوں میں 7.1 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوئیں اور درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق صورتحال پر ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔