اولمپکس میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹس کے لیے خوشخبری، 10 ہزار ڈالر گرانٹ کا اعلان
گرانٹ حاصل کرنے کے لیے ایتھلیٹس کو باقاعدہ درخواست جمع کرانا ہوگی
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے ایتھلیٹس کی مالی معاونت کے لیے نئے پروگرام ’’فٹ فار دی فیوچر اولمپک گرانٹ‘‘ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت اولمپکس میں حصہ لینے والے ہر اہل ایتھلیٹ کو 10 ہزار ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
آئی او سی کے مطابق گرانٹ حاصل کرنے کے لیے ایتھلیٹس کو باقاعدہ درخواست جمع کرانا ہوگی، جس کے بعد مقررہ معیار پر پورا اترنے والے کھلاڑی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
کمیٹی نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے ہر اولمپک ایونٹ میں 140 ملین ڈالر کا خصوصی فنڈ مختص کیا گیا ہے تاکہ دنیا بھر کے ایتھلیٹس کی بہتر معاونت کی جا سکے۔
آئی او سی کے اعلان کے مطابق اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز رواں سال منعقد ہونے والے ونٹر اولمپکس سے کیا جائے گا، جس کے بعد مختلف اولمپک مقابلوں میں شریک کھلاڑی اس مالی امداد کے لیے درخواست دے سکیں گے۔
اس اقدام کو ایتھلیٹس کی فلاح و بہبود اور ان کے مستقبل کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔