پاکستان اور ایران کے درمیان ٹرانسپورٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق

اجلاس میں ایران کی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفود کی سطح پر ملاقات کی

June 25, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی اور ٹرانسپورٹ روابط کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ ٹرانسپورٹ کمیٹی کو فعال کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایران کی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان زمینی اور تجارتی رابطوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال اور وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار سمیت متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سڑک اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے تجارت کو فروغ ملے گا اور سرحدی علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں مزید مستحکم ہوں گی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ سے وابستہ رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ سامان کی نقل و حمل کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے۔

ایرانی وزیر ٹرانسپورٹ فرزانہ صادق نے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے تعاون کے مزید مواقع پیدا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پاک ایران سرحد پر ٹرکوں اور کنٹینرز کی کلیئرنس سے متعلق مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ دونوں فریقین نے سرحدی گزرگاہوں پر درپیش مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔

حکام کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بہتر ٹرانسپورٹ روابط سے نہ صرف تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کو بھی نئی تقویت ملے گی۔