وینزویلا میں طاقتور زلزلوں سے تباہی،167 افراد ہلاک،700 سے زائد زخمی

زلزلے کے باعث تعلیمی ادارے، ٹرین سروس اور دیگر عوامی سہولیات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں

June 25, 2026 · اہم خبریں

کراکس: وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 167 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 700 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے باعث متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، جن میں ایک 22 منزلہ عمارت بھی شامل ہے۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے بعد شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے جبکہ کئی علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

حکام نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نقصانات کے مکمل تخمینے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

زلزلے کے باعث تعلیمی ادارے، ٹرین سروس اور دیگر عوامی سہولیات عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں جبکہ دارالحکومت کراکس کے مشرق میں واقع کئی علاقوں میں شدید نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی زلزلے سے نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث فضائی آپریشنز معطل کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب شمالی جاپان میں 7.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے جھٹکے ٹوکیو سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ جاپانی حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرہ علاقوں کی نگرانی کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ماہرین کے مطابق وینزویلا میں آنے والے زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس اور مزید جانی نقصان کے خدشات بدستور موجود ہیں۔