امریکی تحویل سے 22 ایرانیوں کی پاکستان کے ذریعے واپسی
22 افراد سمیت اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کو پاکستان کے ذریعے بحفاظت ایران واپس بھیجا جا چکا ہے۔
امریکا کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جہاز کے 22 ایرانی عملے کے ارکان بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں، جن کی جلد وطن واپسی کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے امریکی اور ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے ان افراد کی محفوظ منتقلی کو ممکن بنایا۔ کراچی پہنچنے والے ایرانی شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان میں موجود ایرانی سفارتی مشنز کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ چوتھا موقع ہے جب پاکستان نے امریکی تحویل میں لیے گئے جہاز کے ایرانی عملے کی محفوظ وطن واپسی میں معاونت کی ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق آج کراچی پہنچنے والے 22 افراد سمیت اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کو پاکستان کے ذریعے بحفاظت ایران واپس بھیجا جا چکا ہے۔
انہوں نے ایرانی قیادت کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کے اظہار کو سراہتے ہوئے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی، جنہوں نے اس انسانی ہمدردی کے عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔