وینزویلا میں زلزلوں سے ہلاکتیں 589 ہو گئیں،امدادی کارروائیاں جاری

ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ملبے تلے دبے متاثرین کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

June 26, 2026 · اہم خبریں

وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 589 ہو گئی ہے، جبکہ تقریباً 2 ہزار 980 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ملبے تلے دبے متاثرین کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تباہی ساحلی ریاست لا گوائیرا میں ہوئی، جہاں فوج اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں، خوراک اور پانی کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ کئی عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں، سڑکیں متاثر ہوئی ہیں اور متعدد علاقے شدید نقصان کا شکار ہیں۔

بین الاقوامی اداروں کے مطابق لاکھوں افراد اس قدرتی آفت سے متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ ہزاروں خاندان بے گھر ہونے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ریڈ کراس سمیت مختلف امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ متعدد عمارتیں اب بھی غیر محفوظ ہیں، جس کے باعث شہری گھروں کو واپس جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں دنیا بھر سے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، طبی عملہ اور امدادی سامان پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ کئی ممالک نے امدادی ٹیمیں، خصوصی آلات اور مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ ریسکیو اور بحالی کے کاموں کو تیز کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، اس لیے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے، جبکہ حکومت نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔