سینیگال کی عراق کو 50 سے تاریخی شکست۔ناک آؤٹ مرحلے کی امیدیں برقرار
ورلڈ کپ میں ایک میچ میں پانچ گول کرنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی۔
فیفا ورلڈ کپ میں سینیگال نے عراق کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 5-0 سے شکست دے کر نہ صرف ایک تاریخی کامیابی حاصل کر لی بلکہ ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی اپنی امیدیں بھی روشن کر دیں۔
میچ کے آغاز سے ہی سینیگال نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور حبیب دیارا نے چوتھے ہی منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے بعد پاپ گیے نے دو گول اسکور کیے، جبکہ اسماعیلا سار اور ایلیمان ندیائے نے ایک، ایک بار گیند کو جال کی راہ دکھا کر فتح کا مارجن 5-0 کر دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ سینیگال نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں پانچ گول کرنے والی پہلی افریقی ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ اس شاندار فتح کے بعد سینیگال کی پری کوارٹر فائنل (ناک آؤٹ مرحلے) میں رسائی کی امیدیں بدستور قائم ہیں، جبکہ عراق کو ایونٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے آئندہ میچوں میں بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔