بغیرمقررہ طریقہ کار کےپاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام ڈالنا غیرقانونی:اسلام آبادہائیکورٹ
سلام آباد ہائیکورٹ نے غیر قانونی پی سی ایل اندراج ختم کرنے کا حکم جاری کیا
فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ بغیر قانونی اتھارٹی اور مقررہ طریقہ کار کے کسی شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا غیر قانونی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ترکیہ سے ڈی پورٹ کیے گئے شہری زین عتیق کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شہری پر سفری پابندیاں صرف قانونی اتھارٹی اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہی لگائی جا سکتی ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ جولائی 2022 میں شہری کا نام پی سی ایل میں ڈالا گیا تھا، تاہم ریکارڈ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اس کے خلاف کوئی مجاز اتھارٹی کا فیصلہ موجود ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ نہ تو شہری کے خلاف کوئی سزا موجود ہے اور نہ ہی کوئی زیر التوا فوجداری مقدمہ ہے، اس لیے پابندی برقرار رکھنے کا کوئی قانونی جواز نہیں۔
عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ متعلقہ ادارے قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں، اس لیے شہری کا نام پی سی ایل سے نکالا جائے۔