چیف جسٹس امین الدین خان کی انٹرنیشنل لیگل فورم پرپاکستان کی نمائندگی
سینٹ پیٹرزبرگ فورم میں عالمی شخصیات سے عدالتی تعاون پر تبادلہ خیال
فائل فوٹو
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں منعقدہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی عدالتی تعاون، آئینی امور اور قانونی روابط کے فروغ پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس دورے کے دوران مختلف عالمی قانونی شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں بین الاقوامی عدالتی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف جسٹس نے ترکیہ کے وزیر انصاف اکن گورلیک سے ملاقات کی، جس میں عدالتی تعاون، قانونی مہارت کے تبادلے اور باہمی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے تاجکستان کے چیف جسٹس رستم پیرخمادووچ مرزوزادہ سے بھی ملاقات کی، جس میں عدالتی روابط مضبوط بنانے اور قانونی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں چیف جسٹس نے روسی فیڈریشن کونسل میں روس-پاکستان فرینڈشپ گروپ کے سربراہ سینیٹر ولادیمیر چیزوف سے بھی ملاقات کی، جس میں آئینی قانون، عدالتی اصلاحات اور قانونی مہارت کے تبادلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس امین الدین خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی عدالتی تعاون، آئین کی بالادستی اور بین الاقوامی قانونی روابط کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔