کلاؤڈ برسٹ سے چلاس کی وادی تھور میں تباہی۔مکانات،فصلیں،رابطہ پل بہ گئے

مکانات، فصلیں اور رابطہ پل بہہ گئے، زمینی رابطہ منقطع

June 27, 2026 · قومی

فائل فوٹو

گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث وادی تھور کے مختلف حصوں میں سیلاب نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مکانات، فصلیں اور رابطہ پل بہہ گئے اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

چلاس پولیس کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں لوگوں کے مکانات، باغات، فصلیں، رابطہ پل اور گاڑیاں بہہ گئیں جبکہ واپڈا کالونی اور سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ سیلاب واپڈا کالونی میں داخل ہو گیا جس نے شدید تباہی مچائی، جبکہ وادی تھور کا روڈ مختلف مقامات پر بند ہونے سے مقامی آبادی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

سیلاب متاثرین نے حکومت سے فوری ریلیف آپریشن شروع کرنے اور نقصانات کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اے ڈی ڈیزاسٹر منیجمنٹ دیامر امتیاز احمد کے مطابق متاثرہ وادی میں ریلیف آپریشن اور سڑک کھلوانے کے اقدامات جاری ہیں، تاہم روڈ بلاک ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔