پاکستان میں 2دن کے دوران 6زلزلے ریکارڈ۔وینزویلا سے توانائی کی لہریں سبب
ماہرین کے مطابق زیر زمین توانائی لہریں بلوچستان اور کے پی میں سرگرم
فائل فوٹو
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق وینزویلا میں آنے والے زلزلے کے بعد توانائی کی لہریں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی زلزلوں کا باعث بن رہی ہیں۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے اب تک درمیانے درجے کے 6 زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، اور ماہرین کے مطابق ان کا تعلق حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے زلزلے سے پیدا ہونے والی زیر زمین توانائی کی لہروں سے ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ایک زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 178 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، اور جھٹکے شام 6 بج کر 35 منٹ پر محسوس کیے گئے۔
اس سے قبل بلوچستان کے علاقے کوہلو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.2 تھی اور مرکز بارکھان بتایا گیا۔
ملتان اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کا دورانیہ چند سیکنڈ تھا۔
چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات امیر حیدر لغاری کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ روز سے زلزلوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر پانچ درمیانے درجے کے زلزلے ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا یوریشین ٹیکٹونک پلیٹ پر واقع ہیں، اور حالیہ زلزلے اسی پلیٹ کی اوپری سطح پر ہو رہے ہیں۔
ارضیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ زلزلے عالمی سطح پر آنے والے زلزلوں کے اثرات ہیں، اور حال ہی میں وینزویلا میں آنے والے زلزلوں کے بعد زمین کے اندر پیدا ہونے والی توانائی کی لہریں دوسری ٹیکٹونک پلیٹس تک منتقل ہو رہی ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جب تک یہ توانائی کی لہریں ختم نہیں ہوتیں، مزید معتدل زلزلوں کا امکان برقرار رہے گا، تاہم زلزلے کے درست وقت اور شدت کی پیشگوئی ممکن نہیں۔
خیال رہے کہ وینزویلا میں بدھ کے روز دو شدید زلزلے آئے جن کی شدت 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی، جن میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، ہلاکتیں 920 تک پہنچ گئیں، 3 ہزار 360 افراد زخمی ہوئے جبکہ سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔