پاکستان فٹبال فیڈریشن کا عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقررکرنے کا اعلان

یکم جولائی 2026 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے، فٹبال ترقی پروگرام کی قیادت کریں گے

June 27, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے عدیل رزکی کو ٹیکنیکل ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔

عدیل رزکی یکم جولائی 2026ء سے فیڈریشن کے نئے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اس سے قبل وہ پاکستان ویمنز نیشنل فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں، جبکہ حال ہی میں انہوں نے پاکستان مینز نیشنل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں مسٹر نولبرٹو سولانو کے اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں پاکستان نے مالدیپ میں منعقدہ ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔

رزکی یوئیفا اے لائسنس ہولڈر ہیں اور 2019ء کے بعد پی ایف ایف کے پہلے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ہوں گے۔ وہ اپنی نئی ذمہ داری میں پاکستان میں فٹبال کی تکنیکی ترقی کے قومی پروگرام کی قیادت کریں گے اور گراس روٹس، ویمنز فٹبال، کوچز کی تربیت اور یوتھ فٹبال سمیت تمام شعبوں کے لیے طویل المدتی حکمت عملی تیار کریں گے۔

وہ تکنیکی امور اور کوچنگ سے متعلق معاملات پر پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کو بھی مشاورت فراہم کریں گے۔ ان کی تقرری پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے اٹھایا گیا ایک اہم قدم قرار دی گئی ہے۔

سید محسن گیلانی نے کہا کہ ٹیکنیکل ڈائریکٹر ملک میں فٹبال کی ترقی کے پروگرام کی سمت متعین کرنے اور اس کی قیادت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدیل رزکی کی تقرری کے ساتھ ملک فٹبال کی ترقی کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عدیل رزکی، جو اس وقت پی ایف ایف کانگریس کے رکن بھی ہیں، ٹیکنیکل ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی کانگریس ذمہ داری سے الگ ہو جائیں گے۔