نشئی بیٹے نےکلہاڑی کے وار سے باپ کا قتل

واقعہ ضلع بوکارو کے گاؤں کرپانی میں پیش آیا جہاں 30 سالہ ارجن کرمالی نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے باپ کی جان لے لی۔

June 28, 2026 · جرم وسزا
نشئی بیٹے نےکلہاڑی کے وار سے باپ کا قتل

جھارکھنڈ: بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں ایک افسوسناک واقعے میں نشے کی حالت میں ایک شخص نے اپنے ہی والد کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ضلع بوکارو کے گاؤں کرپانی میں پیش آیا جہاں 30 سالہ ارجن کرمالی نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنے باپ کی جان لے لی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے بعد دیر سے گھر واپس آیا تھا اور نشے کی حالت میں تھا، جس پر اس کے والد نے اسے شراب نوشی اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر ڈانٹا۔

اسی دوران باپ بیٹے کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی، اور ارجن کرمالی نے طیش میں آ کر گھر میں موجود کلہاڑی سے اپنے والد کے سر پر وار کر دیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق مقتول اپنے بیٹے کی شراب نوشی کی عادت سے سخت پریشان تھے، جبکہ ملزم اس سے قبل اپنی بیوی پر تشدد کے باعث بھی گھریلو تنازع میں ملوث رہا ہے۔

واقعے کے بعد اہل علاقہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔