سمندر میں قطری جہاز پر گولے کے ٹکرے لگنے سے شہری جاں بحق، ایک زخمی

لاپتہ بحری جہاز کو تلاش کرنے پر واقعے کا انکشاف ہوا، تحقیقات شروع؛ قطری وزارت داخلہ کی تصدیق

فائل فوٹو

فائل فوٹو

دوحہ : قطر کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ سمندر میں ایک بحری جہاز پر ‘فوجی کارروائی’ کے دوران گولہ بارود کے ٹکڑے لگنے سے ایک قطری شہری جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک بحری جہاز اپنی طے شدہ مدت کے مطابق وقت پر واپس بندرگاہ پر نہیں پہنچا۔ جہاز کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی قطر کی ‘میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم’ نے فوری طور پر سمندر میں وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا۔

قطری وزارت داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے آج علی الصبح لاپتہ ہونے والے جہاز کو سمندر میں تلاش کر لیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق، ریسکیو آپریشن کے دوران معلوم ہوا کہ مذکورہ علاقے میں جاری فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اڑنے والے گولہ بارود کے ٹکڑے لگنے سے ایک قطری شہری شدید زخمی ہوا، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، جبکہ جہاز پر موجود ایک اور شخص واقعے میں زخمی ہوا ہے۔ حکام نے جاں بحق شہری کے لیے ‘شہادت’ کا لفظ استعمال کیا ہے۔

سرکاری بیان میں ابھی تک اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ فوجی کارروائی کس ملک یا عسکری قوت کی جانب سے کی جا رہی تھی، اور نہ ہی اس مخصوص سمندری علاقے کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں یہ جہاز موجود تھا۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔