اسرائیلی افواج کی شام کے اندر پیش قدمی، درعا صوبے میں نئی چوکیاں قائم

اسرائیلی فوج نے درعا کے مغربی دیہی علاقے میں واقع گاؤں 'سریح جملہ' کے قریب ایک نئی فوجی چوکی قائم کی ہے, رپورٹس

فائل فوٹو

فائل فوٹو

دمشق/ بیروت: اسرائیلی افواج نے جنوبی شام کے صوبے درعا کے مغربی دیہی علاقوں میں اپنی پوزیشنوں کو مضبوط کرتے ہوئے مزید پیش قدمی کی ہے اور کئی نئی فوجی چوکیاں قائم کر دی ہیں۔

شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘سانا’ (SANA) کے مطابق اسرائیلی فوجی دستے بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ علاقے میں داخل ہوئے اور وہاں تلاشی کا عمل شروع کر دیا۔

مقامی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے درعا کے مغربی دیہی علاقے میں واقع گاؤں ‘سریح جملہ’ کے قریب ایک نئی فوجی چوکی قائم کی ہے۔ یہ چوکی محض ایک دن پہلے اسی علاقے میں قائم کی جانے والی پہلی چوکی سے صرف 200 میٹر کے فاصلے پر بنائی گئی ہے۔

شامی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ کم از کم 5 اسرائیلی فوجی گاڑیاں قریبی گاؤں ‘عابدین’ میں بھی داخل ہوئیں، جہاں فورسز نے دو نئی چوکیاں قائم کر کے وہاں سے گزرنے والے مقامی شہریوں کی سخت تلاشی لی اور ان سے پوچھ گچھ کی۔

واضح رہے کہ شام کے جنوبی سرحدی اضلاع (درعا اور قنیطرہ) میں حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے سرحد پار کارروائیوں اور فوجی نقل و حرکت میں تیزی دیکھی گئی ہے، جسے دمشق حکومت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور 1974 کے جنگ بندی معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا جا رہا ہے۔