پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارکسانوں کو 3 سال میں 50 ہزار ٹریکٹرز دینےکا اعلان
ماضی میں کسی حکومت نے کسانوں کو اتنی بڑی تعداد میں ٹریکٹرفراہم نہیں کیے ، وزیر اعلیٰ پنجاب
فائل فوٹو
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار 3 سال میں 50 ہزار ٹریکٹرز دینے کا اعلان کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی محکمہ زراعت کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کسانوں کو حقیقی معنوں میں خود مختار کر دیا ہے، ماضی میں کسی حکومت نے کسانوں کو اتنی بڑی تعداد میں ٹریکٹرفراہم نہیں کیے۔
اجلاس میں کسان کارڈ اور زرعی میکنائزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسانوں کو اب تک 360 ارب روپے بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، کسان کارڈ کے تحت دیے گئے قرضوں کی ریکوری کی شرح 99 فیصد رہی، جاری کردہ قرضوں کا 80 فیصد حصہ کسانوں نے کھاد کی خریداری کے لیے استعمال کیا، پچھلے سوا 2 سال سے یوریا کی قیمتیں کنٹرول میں ہیں۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ملازمین کا احتجاج
دوسری جانب تنخواہوں میں کٹوتی اور عید بونس نہ ملنے پر لاہور میں ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ملازمین نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔
گجومتہ پر ملازمین نے کام چھوڑ کر دھرنا دے دیا،کچرا اٹھانے والے رکشے بھی بند کر دیے، واہگہ کے علاقے میں بھی سڑکوں پر احتجاج کیا گیا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ بونس کا وعدہ کرکے تنخواہ کے ساتھ بونس نہیں دیا گیا، انہوں نےعید پر شدید گرمی میں 24/24 گھنٹے ڈیوٹی کی، شہر کی صفائی کے لیے گرمی کی بھی پرواہ نہیں کی ،تنخواہوں کی کٹوتی ختم نہ ہوئی اور بونس نہ ملا تو احتجاج جاری رہےگا۔