ہوٹل پر بیٹھے دو افراد پر حکومت کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج
مذکورہ شخص کا نام حضور بخش ولد در محمد قوم مہر سکنہ بلال کالونی خانپور معلوم ہوا ہے۔
جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر خانپور میں پولیس نے ہوٹل پر بیٹھے دو افراد میں سے ایک پر حکومتی ذمہ داروں کے خلاف اشتعال انگیزی کا مقدمہ درج کر لیا۔
تھانہ سٹی خانپور میں اے ایس آئی محمد افضل کی مدعیت میں درج مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ وہ دیگر دو پولیس اہلکاروں کے ہمراہ انسداد جرائم کے لیے بسلسلہ گشت بلدیہ چوک پر موجود تھا کہ وہاں ہوٹل پر موجود کچھ لوگ آپس میں بیٹھے اشتعال انگیز گفتگو کر رہے تھے کہ ان میں سے ایک شخص نے بذریعہ ٹک ٹاک حکومتی عہدیداروں کے خلاف غلیظ قسم کی گالم گلوچ اور نازیبا زبان استعمال کی جس پر میں نے موبائل فون چیک کیا جہاں ایک ویڈیو میں ایک شخص حکومتی عہدیداران کے خلاف گالم گلوچ کر رہا تھا۔
مذکورہ شخص کا نام حضور بخش ولد در محمد قوم مہر سکنہ بلال کالونی خانپور معلوم ہوا ہے۔
اس ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کر کے یو ایس بی کے ذریعے اپنے موبائل میں منتقل کیا تاکہ مقدمے میں بطور ثبوت استعمال کیا جا سکے۔