ملک بھر میں بارشوں اور طوفان نے تباہی مچا دی،48 گھنٹوں میں 11 افراد جاں بحق
شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
ملک بھر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی تیز بارش، آندھی اور طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ رہا، جہاں تیز بارش، آندھی اور فلیش فلڈز کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوئے۔ متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں سے درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں کئی گھروں کو جزوی جبکہ بعض کو مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پنجاب میں بھی شدید موسم نے جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے باعث بھی حادثات پیش آئے۔
ادھر بلوچستان کے ضلع ژوب میں شدید بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔