روس کا کیف پر شدید حملہ، 20 افراد ہلاک، 90 زخمی، جمعے کو یومِ سوگ کا اعلان

جدید میزائل اور خودکش ڈرونز کا استعمال ، شہر کے وسیع علاقے میں بیک وقت مختلف مقامات کو نشانہ بنا کر شدید تباہی مچائی ۔

فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

کیف: روسی افواج نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ڈرونز اور میزائلوں سے اب تک کا سب سے بڑا اور ہولناک حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور تقریباً 90 زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے میں ایک ایمبولینس اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کیئو کے میئر نے اس حملے کی ہولناکی کو بیان کرتے ہوئے اسے اب تک کا “سب سے شدید حملہ” قرار دیا ہے۔ دارالحکومت میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر شہر کے میئر کی جانب سے جمعے کو باقاعدہ ‘یومِ سوگ’ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اگرچہ ماضی میں ہونے والے بعض حملوں میں جانی نقصان اس سے زیادہ رہا ہے، تاہم ہتھیاروں کی تعداد اور تباہی کے دائرہ کار کے لحاظ سے یہ اپنی نوعیت کا سب سے بڑا حملہ ہے۔ روس کی جانب سے اس بار ریکارڈ تعداد میں جدید میزائل اور خودکش ڈرونز استعمال کیے گئے، جنہوں نے شہر کے وسیع علاقے میں بیک وقت مختلف مقامات کو نشانہ بنا کر شدید تباہی مچائی۔

حیران کن طور پر یہ فضائی بمباری یوکرینی صدر ولادیمیر زیلینسکی کے اس انتباہ کے محض چند گھنٹوں بعد ہی کی گئی، جس میں انہوں نے انٹیلی جنس معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے روس کی جانب سے کسی بڑے اور غیر معمولی حملے کی تیاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

حملے کے بعد کیئو سمیت ملک بھر کے اہم شہروں میں فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔