گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے مذاکرات پر زور
سردار تنویر الیاس جتنا وقت بھی پارٹی کے ساتھ رہے، اچھے طریقے سے رہے ، امت ڈیجیٹل سے گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد:گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JACC) اور حکومتِ پاکستان کے درمیان جاری معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسئلے کا بہترین حل صرف اور صرف ڈائیلاگ اور باہمی بات ہے۔
امت ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ان کے لیے پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے ایکشن کمیٹی بھی لچک دکھائے اور حکومتِ پاکستان بھی اپنے موقف میں نرمی لائے، تاکہ ایک مناسب درمیانی راستہ نکالا جا سکے جس سے کشمیر میں مستقل امن قائم ہو اور یہ ملک کے مفاد میں بھی بہتر ہو۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس اور پارٹی کے مابین پیدا ہونے والے حالیہ سیاسی جمود پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ سردار تنویر الیاس جتنا وقت بھی پارٹی کے ساتھ رہے، اچھے طریقے سے رہے۔ تاہم، پرانے جماعتی ساتھیوں اور سردار صاحب کو ایک ساتھ لے کر چلنے کے معاملے پر کچھ تحفظات اور ڈیڈ لاک سامنے آیا، جس کے باعث معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔
سردار سلیم حیدر نے سردار تنویر الیاس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اب اپنی تمام تر توجہ آئندہ انتخابات پر مرکوز کرے گی اور بھرپور طریقے سے الیکشن لڑے گی۔