چلڈرن اسپتال لاہور میں زیرعلاج بچی کے والد نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی

سیکیورٹی گارڈز نے عمران کو انہیں وارڈ سے باہر جانے کا کہا تھا

July 4, 2026 · قومی

لاہور کے چلڈرن اسپتال میں زیر علاج بچی کے والد نے مبینہ طور پر دلبرداشتہ ہو کر تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق 28 سالہ عمران صابر کی بیٹی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی گارڈز نے انہیں وارڈ سے باہر جانے کا کہا، جس کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں عمران صابر کی دونوں ٹانگیں فریکچر ہوگئیں، جبکہ انہیں فوری طور پر جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔

جنرل اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی شخص سرجیکل ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت پہلے سے بہتر بتائی جا رہی ہے۔