دانہ سر بس حادثہ، 26 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل،نجی کمنپی کا دفتر سیل

اب تک 26 افراد کی شناخت مکمل ہونے کے بعد ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔

July 4, 2026 · قومی

دانہ سر کے المناک بس حادثے کے بعد جاں بحق افراد کی شناخت اور تحقیقات کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ حکام نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والی نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشیں ژوب سول اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں اب تک 26 افراد کی شناخت مکمل ہونے کے بعد ان کی میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ چند لاشوں کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے، جن میں خواتین، ایک بچے اور بعض مرد شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ شناخت ہونے والے افراد کا تعلق خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے، جبکہ حادثے میں بس ڈرائیور بھی جان کی بازی ہار گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کوئٹہ میں متعلقہ نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتر سیل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں مبینہ غفلت کے شواہد سامنے آنے پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی، جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں گے۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ واقعے کے بعد صوبے بھر میں مسافر ٹرانسپورٹ کمپنیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور حفاظتی انتظامات کی جانچ کے لیے خصوصی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔