دریک عیدگاہ دھرنے پر شیلنگ اور فائرنگ کے دعوے مسترد

سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بعض ویڈیوز اور دعوے پرانے مواد پر مبنی ہیں۔آزاد کشمیر پولیس

July 4, 2026 · قومی

آزاد کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پر راولاکوٹ کی دریک عیدگاہ میں مبینہ شیلنگ، فائرنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق دریک عیدگاہ میں جاری دھرنے کے مقام پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بعض ویڈیوز اور دعوے پرانے مواد پر مبنی ہیں، جنہیں موجودہ صورتحال سے جوڑ کر غلط تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

 

بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض عناصر عوام میں بے چینی پھیلانے اور ریاستی اداروں پر اعتماد کو متاثر کرنے کے لیے گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خبر، ویڈیو یا دعوے کو آگے بڑھانے سے قبل اس کی تصدیق ضرور کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام، قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، جبکہ تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔