نومولود کو دفنانے کی مبینہ کوشش ناکام،3 ملزمان گرفتار
کیس کے تمام پہلوؤں کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نومولود بچے کو دفنانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی اور تین افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی 15 کال موصول ہونے کے بعد پائن ایونیو روڈ کے قریب کی گئی، جہاں ایک مرد اور دو خواتین کو موقع سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان مبینہ طور پر نومولود کو دفنا کر واقعے کو چھپانے کی کوشش کر رہے تھے۔ تفتیش کے دوران مبینہ اسقاط حمل سے متعلق بھی بعض معلومات سامنے آئی ہیں، تاہم ان کی مزید جانچ کی جا رہی ہے۔
واقعے کا مقدمہ متعلقہ قانونی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔