نشاط سینماراولپنڈی اراضی پرقبضے کی سہولت کاری میں ملوث2ٹیکسیشن افسران گرفتار

کیس میں انکوائری کی سفارشات پر اینٹی کرپشن کی کارروائی

July 5, 2026 · امت خاص

 

اینٹی کرپشن پنجاب نے راولپنڈی کے مبینہ نشاط سینما اراضی اسکینڈل میں 2 ٹیکسیشن افسران کو گرفتار کر لیا۔

ریکارڈ میں ردوبدل، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے الزام میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی کے ای ٹی او وسیم احمد، انسپکٹر فضیل اجمل بھٹی اور مبینہ قبضہ مافیا ملک محمد عارف کے خلاف مقدمہ نمبر 33/26 درج کیا گیا ہے۔ دونوں سرکاری افسران کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے ممکنہ ذمہ داران و سہولت کاروں کے کردار کی بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مدعی کے مطابق تین کنال پر مشتمل متنازع اراضی تقسیم ہند کے بعد اس کے خاندان کو چیف سیٹلمنٹ کمشنر (انڈسٹریز) لاہور کی جانب سے الاٹ ہوئی تھی، جس کی ملکیت کی تصدیق سپریم کورٹ اور بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے بھی کی، تاہم ملک محمد عارف نے مبینہ طور پر جھوٹا دعویٰ کرتے ہوئے مقامی اداروں کی ملی بھگت سے نشاط سینما کی عمارت پر قبضہ کر کے اسے مسمار کر دیا۔

مذکورہ بالا شکایت پر مجاز اتھارٹی کے حکم سے انکوائری 06 افسران پر مشتمل ایک جوائنٹ ٹیم کے سپرد کی گئی۔

انکوائری کے دوران ثابت ہوا کہ محمد عارف نے پراپرٹی نمبر G-119 کے لیے جنرل پاور آف اٹارنی حاصل کیا تھا نہ کہ G-119/121 کے لیے، لہذا اسے نشاط سینما کی پراپرٹی پر قبضے کا کوئی حق حاصل نہیں تھا، لیکن وسیم حیدر (ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر) اور فضیل اجمل بھٹی (انسپکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، راولپنڈی) نے غیر قانونی طور پر اپنے سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے اور مطلوبہ قانونی جانچ پڑتال اور تصدیق کیے بغیرمحمد عارف کو ناپسندیدہ اورمذموم مقاصد کے لیے ناجائز فائدہ پہنچانے کی خاطر نشاط سینما کی پراپرٹی کے ٹائٹل اور ملکیت کو تبدیل کر دیا، جس بنیاد پرمذکورہ محمد عارف دھوکہ دہی سے تیار کردہ ایکسائز ریکارڈ اور قبضے کی بنیاد پر بلڈنگ پلان منظور کرانے میں کامیاب رہا۔

ٹیم نے انکوائری مکمل کر کے فائنل رپورٹ پیش کی جس میں مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے مقدمہ نمبر 33/26درج کر تے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔