امن کے قیام میں کامیابی ملی تو پاکستانی قیادت نوبل انعام جیت سکتی ہے، چینی تجزیہ کار

پاکستان نے حالیہ عرصے میں مختلف علاقائی تنازعات میں سفارتی رابطوں اور امن کی کوششوں پر توجہ دی ہے

بیجنگ: چین کے سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن (سی سی جی) کے نائب صدر ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی قیادت خطے میں امن اور سفارتی کوششوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھتی ہے تو مستقبل میں عالمی سطح پر اس کا اعتراف کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے بقول اگر یہ کاوشیں پائیدار امن کے قیام میں مؤثر ثابت ہوئیں تو دونوں رہنما مستقبل میں نوبل امن انعام کے لیے بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں مختلف علاقائی تنازعات میں سفارتی رابطوں اور امن کی کوششوں پر توجہ دی ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

چینی حکام نے بھی پاکستان کے ساتھ علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔