پاکستان اور سری لنکا کا انسدادِ منشیات اور سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی
وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور انسدادِ منشیات کے شعبے میں روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے منشیات کی روک تھام، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے، غیر قانونی امیگریشن اور جعلی سفری دستاویزات کے استعمال کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے امیگریشن حکام کو فوری رابطے میں رہنے کی تجویز بھی دی گئی۔
نیویارک، وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات pic.twitter.com/XdDVgApcgp
— Ali Tanoli (@alitanoli889) July 8, 2026
ملاقات میں منی لانڈرنگ اور بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں وزارتِ داخلہ کے درمیان مستقل رابطے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ویزا سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور عوامی و سرکاری سطح پر روابط مزید آسان بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔