پیپلز پارٹی کا 40 سال بعد مینارِ پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان
جلسے میں ملک بھر سے کارکنان، عہدیداران اور مرکزی قیادت کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس مقصد کے لیے لاہور میں تنظیمی اور انتظامی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں
پاکستان پیپلز پارٹی نے تقریباً چار دہائیوں بعد لاہور کے مینارِ پاکستان میں عوامی جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ جلسہ 25 جولائی کو ہوگا، جبکہ اس کے ساتھ ایک سیاسی کنونشن بھی منعقد کیا جائے گا جو 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب تک جاری رہے گا۔
پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جلسے میں ملک بھر سے کارکنان، عہدیداران اور مرکزی قیادت کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ اس مقصد کے لیے لاہور میں تنظیمی اور انتظامی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ جلسے کی تشہیر کے لیے خصوصی ترانہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر کے مطابق آخری مرتبہ 10 اپریل 1986 کو سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے وطن واپسی کے موقع پر مینارِ پاکستان میں تاریخی عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ جلسہ بھی پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کا ایک اہم مرحلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ 1986 میں بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر لاہور میں ہونے والا اجتماع ملکی سیاسی تاریخ کے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں لاکھوں افراد کی شرکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔