اسلام آباد میں مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن،25 دکانیں اور ایک پلانٹ سیل
مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔ڈی اسلام آباد کی متعلقہ افسران کو ہدایت
اسلام آباد میں مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 25 دکانیں اور ایک ایل پی جی پلانٹ سیل کر دیا، جبکہ پلانٹ کے منیجر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں میں اوورچارجنگ کی شکایات پر کارروائیاں کی گئیں۔ ایچ 13 میں 3 جبکہ پی ڈبلیو ڈی اور جناح گارڈن کے علاقوں میں مجموعی طور پر 8 ایل پی جی دکانیں سیل کی گئیں۔
اسی طرح شاہ اللہ دتہ میں زائد قیمت وصول کرنے پر 4 دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ روات میں 10 ایل پی جی شاپس کو ضابطے کی کارروائی کے تحت بند کر دیا گیا۔ جنگی سیداں میں بھی کارروائی کے دوران 3 دکانیں سیل کی گئیں۔
انتظامیہ کے مطابق ہمک کے علاقے میں اوورچارجنگ پر ایک ایل پی جی پلانٹ سیل کرتے ہوئے اس کے منیجر کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ مہنگی ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔