چترال میں سیلابی ریلہ،ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹال دیا
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔ شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر موجود اہلکاروں نے ابتدائی امدادی کارروائی کا آغاز کیا
لوئر چترال میں شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ کے دوران ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد پھنسے ہوئے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں دروش تا اشیرات شاہراہ مختلف مقامات پر ملبہ گرنے اور سیلابی ریلوں کی وجہ سے بند ہو گئی، جس سے متعدد مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں اور آمدورفت معطل ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر متحرک ہو گئیں۔ شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر موجود اہلکاروں نے ابتدائی امدادی کارروائی کا آغاز کیا، جبکہ بعد ازاں ضلعی ہیڈکوارٹر سے اضافی ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دی گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات سمیت مختلف مقامات پر مسلسل چھ گھنٹے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ کارروائی کے دوران ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں 20 اہلکار، تین ایمبولینسیں اور ایک ڈیزاسٹر ریسپانس گاڑی نے حصہ لیا۔ اس دوران شاہراہ کی بحالی اور عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تعاون برقرار رکھا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق فلیش فلڈ کے اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے ممکنہ حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔