خدمتِ انسانیت کا روشن باب،عبدالستار ایدھی کو بچھڑے 10 برس بیت گئے

دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور فلاحی کاموں کی ایسی مثال قائم کی جو دنیا بھر میں منفرد سمجھی جاتی ہے۔

July 8, 2026 · قومی

 کراچی: پاکستان کی معروف سماجی شخصیت اور انسانیت کی خدمت کی علامت عبدالستار ایدھی کو دنیا سے رخصت ہوئے ایک دہائی مکمل ہو گئی، مگر ان کی بے لوث خدمات آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے پوری زندگی رنگ، نسل، مذہب اور زبان کی تفریق کے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنایا اور فلاحی کاموں کی ایسی مثال قائم کی جو دنیا بھر میں منفرد سمجھی جاتی ہے۔

عبدالستار ایدھی نے محدود وسائل کے ساتھ فلاحی خدمات کا آغاز کیا، جو وقت گزرنے کے ساتھ ایک وسیع نیٹ ورک کی صورت اختیار کر گیا۔ آج ایدھی فاؤنڈیشن ملک بھر میں سینکڑوں مراکز، ایمبولینس سروس، یتیم خانے، شیلٹر ہومز، فری ڈسپنسریاں، دسترخوان، لاوارث بچوں کی کفالت اور بے سہارا افراد کی مدد سمیت متعدد سماجی خدمات انجام دے رہی ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس سروس دنیا کی بڑی رضاکارانہ ایمبولینس سروسز میں شمار کی جاتی ہے، جبکہ ادارہ قدرتی آفات، حادثات اور ہنگامی حالات میں بھی متاثرہ افراد کی امداد میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

عبدالستار ایدھی نے اپنی پوری زندگی سادگی، دیانت اور خدمتِ خلق کے اصولوں پر گزاری۔ ان کا ماننا تھا کہ انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے، اور اسی سوچ نے انہیں دنیا بھر میں احترام اور پذیرائی دلائی۔

عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی فاؤنڈیشن کے فلاحی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ادارہ آج بھی ضرورت مندوں کی مدد، لاوارث بچوں کی کفالت، مریضوں کی خدمت اور سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں پر اسی جذبے کے ساتھ کام کر رہا ہے جس کی بنیاد عبدالستار ایدھی نے رکھی تھی۔

ان کی دسویں برسی کے موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات، دعائیہ اجتماعات اور خراجِ عقیدت کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں، جہاں انہیں انسانیت کا عظیم محسن قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا جا رہا ہے۔ عبدالستار ایدھی کا نام ہمیشہ ایثار، محبت، خدمت اور انسان دوستی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔