اورماڑہ کے قریب لاپتا کارگو طیارے کی تلاش،بحری اور فضائی کارروائیاں تیز

پاک بحریہ کے دو بحری جہاز بھی متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں، جبکہ فضائی نگرانی کے ذریعے بھی طیارے کی تلاش جاری ہے۔

July 8, 2026 · قومی

بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب سمندر میں شارجہ سے کراچی آنے والے ایک نجی کمپنی کے کارگو طیارے کو حادثہ پیش آنے کے بعد لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق کے ٹو ایئرویز کے طیارے کی تلاش کے لیے فضائی اور بحری کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ مختلف اداروں کے وسائل آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور مرچنٹ ویسلز مشترکہ طور پر طیارے کی تلاش میں مصروف ہیں۔ پاک بحریہ کے دو بحری جہاز بھی متاثرہ علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں، جبکہ فضائی نگرانی کے ذریعے بھی طیارے کی تلاش جاری ہے۔

حکام کے مطابق وسیع سمندری حدود اور جون، جولائی کے دوران سمندر میں تیز لہروں کے باعث ریسکیو آپریشن کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ٹیمیں مسلسل کارروائی میں مصروف ہیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کی بحری ٹیم بھی امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ فاؤنڈیشن کا پائپر سنیکا اے پی بی ایف ایم طیارہ بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں معاونت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ لاپتا طیارے کی تلاش اور ممکنہ متاثرین کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔