پنجاب بھر میں ”اپنا گھر، محفوظ گھر“ پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ

خستہ حال چھتوں کی مرمت کے لیے 5 لاکھ اور اضافی منزل کے لیے 10 لاکھ روپے بلا سود قرض دیا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

July 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ جیسے المناک سانحات کی روک تھام اور صوبے بھر میں رہائشی مکانات کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم ترین اقدام کے طور پر ”اپنا گھر، محفوظ گھر“ پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا، جس میں ”اپنی چھت، اپنا گھر“ اور ”اپنی زمین، اپنا گھر“ پروگرامز کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران باکو میں ”پنجاب پاکستان پویلین“ کی شاندار کامیابی کے حوالے سے خصوصی دستاویزی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بحران کے وقت صرف بیانات دینا کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات نظر آنا ہی اصل گڈ گورننس ہے۔ انہوں نے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کی دوسری قسط کو تین دن کے اندر اندر عوام کے لیے جاری کرنے کا سخت حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ گھر بنانے کے لیے قرض کے حصول کو پہلے سے بھی زیادہ آسان بنایا جائے اور غریب عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔

اجلاس میں ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ”اپنا گھر، محفوظ گھر“ کے تحت دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی تجویز منظور کی گئی۔ اس نئی پالیسی کے تحت جن خاندانوں کے مکانات مخدوش یا چھتیں کمزور ہیں، انہیں رینویشن اور مرمت کے لیے 5 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مکان پر اضافی منزل (نیا فلور) بنانے کے لیے سود سے پاک آسان اقساط پر 10 لاکھ روپے کا قرض دیا جائے گا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کے تحت اب تک 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے بلا سود آسان اقساط کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو 2178 ارب روپے جاری بھی کیے جا چکے ہیں۔ صوبے بھر میں 1 لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں جبکہ ساڑھے 27 ہزار مکانات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ پروگرام کے لیے اب تک 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

مزید برآں، ”اپنی زمین، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت صوبے کے 23 اضلاع میں 2 ہزار بے گھر خاندانوں میں مفت پلاٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ان مفت پلاٹ حاصل کرنے والے خاندانوں کو اب گھروں کی تعمیر کے لیے بھی حکومت قرضہ فراہم کرے گی۔ مریم نواز شریف نے خبردار کیا کہ ان فلیگ شپ منصوبوں میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا سستی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔