ٹرمپ جی آؤ ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں ، ایران کا دھمکی پر ردعمل

ایک بھی امریکی فوجی زندہ واپس نہیں جائے گا، ترجمان ایرانی پارلیمنٹ

فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے جزیرے خارگ پر حملے کی دھمکی پر ایران نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے اس پر اپنے بیان میں کہا کہ آؤ ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں ابراہیم رضائی نے امریکی دھمکیوں کا کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا ایک بھی امریکی فوجی زندہ واپس نہیں جائے گا۔

ایرانی ترجمان نے انقرہ میں جاری نیٹو سربراہی اجلاس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے تیل کی برآمدات کے اہم مرکز ‘خرگ آئی لینڈ’ پر حملے اور جنگ بندی ختم کرنے کے دعوے کے جواب میں امریکی فوج کو للکارتے ہوئے مزید کہاکہ “آؤ، ہم تمہارا ہی انتظار کر رہے ہیں۔”

ایران نے علاقائی ممالک کو امریکی حملوں کے لیے اپنی سرزمین نہ دینے کا مطالبہ کردیا، ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کوئی ہچکچاہٹ نہیں دکھائیں گے، ایرانی افواج جارحیت اور حملوں کے لیے استعمال ہونے والے مقامات کو نشانہ بنائیں گی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا دھونس، دباؤ اور غنڈا گردی کا دور ختم ہوچکا، ایران جھکنے والا نہیں ہے۔

سابق وزیر خارجہ علی اکبر ولایتی نے کہا کہ خطے کو پاک کرنے کے لیے ایران کی انگلی ٹریگر پر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے ایرانی اہداف پر نئے امریکی حملوں کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایران کو ممکنہ طور پر آج رات نشانہ بنانے کا اشارہ دے دیا ہے۔