بحرین میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے
عوام پرسکون رہیں، متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطاً قریبی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں
بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ملک میں خطرے کے سائرن بجائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے اپنے سرکاری پیغام میں عوام سے کہا کہ وہ پرسکون رہیں، متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطاً قریبی محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس سے قبل امریکی افواج نے ایران کے مختلف علاقوں میں فوجی کارروائیاں کی تھیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران بوشہر، بندر عباس، ابو موسیٰ جزیرے اور دیگر علاقوں میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے متاثرہ مقامات کا جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو درپیش خطرات کو کم کرنا اور سمندری راستوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
علاقائی صورتحال کے پیش نظر بحرین سمیت خلیجی ممالک میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں، جبکہ حکام عوام سے صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنے اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔