آبنائے ہرمز بند کی تو فوجی کارروائی ہوگی،جے ڈی وینس

امریکا نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے کہ خطے میں بین الاقوامی بحری آمدورفت ہر صورت برقرار رہنی چاہیے

July 9, 2026 · بام دنیا

 امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے یا اس اہم بحری گزرگاہ کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تو امریکا اس کا فوجی جواب دے گا۔

واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے کہ خطے میں بین الاقوامی بحری آمدورفت ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر ایران تجارتی اور بین الاقوامی جہازوں کو نشانہ بنانا بند کر دے تو امریکا بھی اپنی موجودہ فوجی کارروائیوں اور پابندیوں پر نظرثانی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران کی جانب سے جہازوں پر حملے یا آبنائے ہرمز کی بندش کی کوشش جاری رہی تو امریکی افواج بھرپور ردعمل دیں گی۔ ان کے بقول امریکا اس اہم سمندری راستے پر جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔

امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایران کے سامنے دو راستے موجود ہیں۔ ایک یہ کہ وہ بین الاقوامی بحری راستے کو کھلا رکھے اور کشیدگی میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرے، جبکہ دوسرا راستہ مزید فوجی کارروائیوں اور بڑھتے ہوئے دباؤ کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد خطے میں تناؤ برقرار ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں کے لیے بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ عالمی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس اہم بحری گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی تیل کی ترسیل اور بین الاقوامی تجارت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔