غیر ملکی فوج ساحل پر اتری تو جہنم بنا دیں گے:ایرانی بحریہ
ملک کی مسلح افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ایران کی بحری قوت کو مکمل طور پر نقصان پہنچ چکا ہے۔
ایرانی بحریہ کے ریئر ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی فوج ایران کے ساحلی علاقوں میں داخل ہونے یا فوجی کارروائی کی کوشش کرتی ہے تو اسے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اپنے بیان میں ریئر ایڈمرل سیاری نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنی بحری دفاعی صلاحیت برقرار رکھے ہوئے ہے اور ملک کی مسلح افواج ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ان دعوؤں کو بھی مسترد کیا کہ ایران کی بحری قوت کو مکمل طور پر نقصان پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب ایران کے خاتم الانبیا مشترکہ فوجی ہیڈکوارٹرز نے حالیہ امریکی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ ایرانی حکام کے مطابق ملک کی مسلح افواج صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ادھر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر کئی خلیجی ممالک نے بھی حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔ کویت اور بحرین میں احتیاطی طور پر سائرن بجائے گئے، جبکہ شہریوں کو پرسکون رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی۔
کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ممکنہ میزائل یا ڈرون خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ دوسری جانب قطر میں بھی سکیورٹی الرٹس جاری کیے گئے، تاہم بعد ازاں حکام نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ فوری خطرہ ٹل گیا ہے۔
خطے میں حالیہ پیش رفت کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال پر عالمی برادری کی گہری نظر ہے، جبکہ مختلف ممالک کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل پر زور دے رہے ہیں۔