سیشن کورٹ خانیوال کے باہر انصاف کی علامت ترازو کے پلڑے چوری
واقعے کا علم ہونے پر عدالتی عملے نے مزید نقصان سے بچنے کے لیے ترازو کا باقی ماندہ حصہ بھی موقع سے ہٹا دیا۔
خانیوال میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے کے سامنے نصب انصاف کی علامت ترازو کے دونوں پلڑے نامعلوم افراد چوری کرکے لے گئے۔
ترازو، ہتھوڑا اور کتاب کو دنیا بھر میں انصاف کی علامت سمجھا جاتا ہے، تاہم سیشن کورٹ کے باہر نصب یہ علامتی ترازو بھی چوروں سے محفوظ نہ رہ سکا۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں ترازو کے دونوں پلڑے اتار کر لے گئے۔ واقعے کا علم ہونے پر عدالتی عملے نے مزید نقصان سے بچنے کے لیے ترازو کا باقی ماندہ حصہ بھی موقع سے ہٹا دیا۔
اس غیر معمولی واقعے کے بعد شہریوں نے عدالت کے اطراف سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر سیشن کورٹ جیسے حساس مقام پر نصب انصاف کی علامت بھی محفوظ نہیں تو شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش پیدا ہونا فطری ہے۔
واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں صارفین اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چوری میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے انصاف کی علامت کو دوبارہ نصب کیا جائے۔