دولت کی جنگ،سگے بچوں نے والد کو بحالی مرکز پہنچایا، لے پالک بیٹا ڈھال بن گیا

اس اقدام کا مقصد معمر شہری کو اپنی جائیداد سے متعلق آزادانہ فیصلے کرنے سے روکنا تھا

July 9, 2026 · قومی

لاہور ہائیکورٹ نے ایک معمر شہری کو ذہنی بحالی مرکز میں منتقل کیے جانے کے معاملے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں بازیاب کرانے کا حکم جاری کر دیا۔

درخواست معمر شہری کے لے پالک بیٹے کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جائیداد کے تنازع کے باعث شہری کے حقیقی بچوں نے انہیں ذہنی مریض قرار دے کر ان کی مرضی کے خلاف بحالی مرکز میں داخل کروا دیا، جبکہ ان کی جان اور آزادی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد معمر شہری کو اپنی جائیداد سے متعلق آزادانہ فیصلے کرنے سے روکنا تھا۔ درخواست گزار نے عدالت سے حبسِ بے جا ختم کرتے ہوئے فوری بازیابی کی استدعا کی۔

کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ معمر شہری کو فوری طور پر بحالی مرکز سے بازیاب کر کے آزاد کیا جائے۔

عدالت کے حکم پر متعلقہ اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے معمر شہری کو بحالی مرکز سے نکال لیا، جبکہ کیس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔