اینکر مرید عباس قتل کیس: عدالت کا 7 سال بعد فیصلہ، مرکزی ملزم کو دو بار سزائے موت
مقتولین کے ورثا کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے معروف اینکر مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو مرتبہ سزائے موت سنادی۔
عدالت نے دو افراد کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر عاطف زمان کو دونوں قتل کے مقدمات میں الگ الگ سزائے موت کا حکم دیا، جبکہ مقتولین کے ورثا کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔
فیصلے کے وقت ملزم عاطف زمان جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوا۔ مقدمے میں سرکاری وکیل شکیل عباسی نے استغاثہ کی نمائندگی کی۔
عدالت نے مفرور شریک ملزم عادل زمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق عادل زمان سپریم کورٹ سے ضمانت مسترد ہونے کے بعد فرار ہو گیا تھا اور اسے پہلے ہی اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔
استغاثہ کے مطابق 9 جولائی 2019 کو کاروباری لین دین کے تنازع پر مرید عباس اور خضر حیات کو قتل کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ درخشاں میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کی سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔