بحریہ ٹاؤن مقدمہ:عدالت نے کرنل خلیل سمیت تین ملزمان کو ایک سال قید کی سزا سنادی

عدالتی فیصلے کے مطابق تینوں ملزمان کو ایک سال قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

July 9, 2026 · قومی

بحریہ ٹاؤن سے متعلق مقدمے میں عدالت نے وائس چیف ایگزیکٹو کرنل خلیل سمیت تین ملزمان کو ایک، ایک سال قید اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ کی عدالت نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کرنل خلیل، حوالہ ایجنٹ عمران کاکا اور پراپرٹی ڈیلر مشتاق احمد کو جرم ثابت ہونے پر سزا کا حکم دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق تینوں ملزمان کو ایک سال قید کے ساتھ پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

مقدمے کی تحقیقات ایف آئی اے کے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل اسلام آباد کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے کیں، جس کے بعد شواہد کی بنیاد پر عدالت نے فیصلہ سنایا۔

حکام کے مطابق یہ مقدمہ غیر قانونی فاریکس ٹریڈنگ، حوالہ ہنڈی اور اس سے منسلک پراپرٹی لین دین کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہے، جبکہ اس فیصلے کو متعلقہ کیس میں اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔