بھارت سندھ طاس معاہدہ فوری بحال کرے، پانی کو ہتھیار نہ بنائے: اسحاق ڈار
ہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر بحال کرے، کیونکہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک دیرینہ تنازع ہے، جبکہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔
اسلام آباد میں کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ کروشیا کے وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسلام آباد میں کروشین ویزا سہولت قائم کرنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو ویزا کے لیے کسی تیسرے ملک نہ جانا پڑے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے، بندرگاہوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور نجی شعبے کے روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان 2027 میں جی ایس پی پلس اسکیم کے لیے دوبارہ درخواست دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ حالیہ ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان نے سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا، جبکہ یوکرین سمیت تمام بین الاقوامی تنازعات کا حل مذاکرات اور عالمی قوانین کے مطابق ہونا چاہیے۔
افغانستان کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک، خصوصاً پاکستان، کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر کروشیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر گورڈن گرلیچ ریڈمین نے پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تجارت، ٹیکنالوجی، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا درخواست کا عمل آسان بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔