ڈی آئی خان میں دو گروپوں کے درمیان تصادم، 6 افراد جاں بحق
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب ایک الگ واقعے میں گھر پر ہینڈ گرنیڈ حملے اور فائرنگ سے ایک خاتون اور دو بچے زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ہنیالہ شاہ حسن خیل میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں عطاء اللہ گروپ کے پانچ افراد جبکہ مخالف گروپ کا ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
ادھر کڑی خیسور کے علاقے وانڈہ علی میں نامعلوم افراد نے ایک گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا اور فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں دو بچے اور ایک خاتون زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ اقبال نامی شخص کے گھر پر کیا گیا، جبکہ واقعے کے بعد متاثرہ خاندان، لواحقین اور مقامی شہریوں نے ایس پی پہاڑپور کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور علاقے میں مؤثر سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات کی الگ الگ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ذمہ دار عناصر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔