پاک امریکا تجارتی معاہدے پر اہم امور طے پا گئے،دفتر خارجہ
پاکستان کی کوشش ہے کہ امریکا میں اپنی برآمدات کے لیے زیادہ سازگار تجارتی شرائط حاصل کی جائیں،
پاکستان اور امریکا کے درمیان مجوزہ تجارتی معاہدے کے حوالے سے جاری مذاکرات میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں ممالک نے اہم اختلافات کم کرنے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرانی کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئے۔ دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ایسے نکات پر پیش رفت کی جن سے مستقبل میں ایک مضبوط تجارتی فریم ورک کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ امریکا میں اپنی برآمدات کے لیے زیادہ سازگار تجارتی شرائط حاصل کی جائیں، کیونکہ امریکا پاکستانی مصنوعات کی اہم ترین برآمدی منڈیوں میں شامل ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال نے کی، جنہوں نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کئی اہم معاملات پر دونوں ممالک کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی تجارتی پالیسی کے تحت نافذ 10 فیصد عارضی ٹیرف رواں ماہ کے اختتام پر ختم ہونے والا ہے، اور دونوں ممالک عارضی انتظامات کی جگہ ایک طویل مدتی اور مستحکم تجارتی معاہدے کی جانب بڑھنا چاہتے ہیں۔
گزشتہ برس امریکی انتظامیہ نے بعض ہنگامی تجارتی اختیارات کے تحت پاکستانی برآمدات پر اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں مجوزہ شرح میں کمی کی گئی۔ بعد میں امریکی عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کے بعد اس معاملے میں مزید قانونی اور پالیسی تبدیلیاں بھی سامنے آئیں، جبکہ پاکستان نے حالیہ مجوزہ تجارتی اقدامات پر اپنے قانونی اور ضابطہ جاتی مؤقف سے بھی امریکی حکام کو آگاہ کیا ہے۔